Table of Contents
القرآن الکریم - کنزالایمان مع خزائن العرفان | Al Quran Ul Kareem - Kanzul Iman Ma Khazain Ul Irfan (Urdu)
القرآن الکریم جس مین آپ پڑھ سکیں گے: ترجمہ کنزالایمان اعلی حضرت امام اہلسنت احمد رضا خان علیہ رحمۃ الرحمن، تفسیر خزائن العرفان صدرالافاضل حضرت مولانا سید محمد نعیم الدین علیہ رحمۃ الھادی
مولانا امام احمد رضا خان کا اردو ترجمہ قرآن آپ نے 1911ء میں قرآن مجید کا ترجمہ کیا جو اردو تراجم قرآن میں سب سے زیادہ پڑھا جانے والا اور مشہور ترجمہ ہے، اس ترجمہ کا ترجمہ ہندی، سندھی، انگریزی، ڈچ، گجراتی، پشتو اور بنگلہ میں ہو چکا ہے۔ اس پر سب سے زیادہ مقالہ جات لکھے جا چکے ہیں، ڈاکٹر مجید اللہ قادری نے کنزالایمان اور معروف تراجم قرآن کے موضوع پر پی ایچ ڈی کی ہے۔
ترجمہ کے مخطوطے سے اس بات کی واضح نشان دہی ہوتی ہے کہ ترجمہ تقریباً سال، ڈیڑھ سال کے اندر 28 جمادی الآخر 1330ھ کو مکمل ہوا جو جلد ہی مراد آباد کے مطبع سے شائع ہوا۔ پہلی بار صرف عربی متن کے ساتھ اردو ترجمہ شائع ہوا۔ بعد میں اس ترجمہ کو بنیاد بنا کر پہلی تفسیر خزائن العرفان لکھی گئی۔
ترجمہ کا اسلوب سادہ اور عام فہم ہے۔ زبان و بیان میں سلاست و صحت پائی جاتی ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری اپنی مشہور تصنیف کنز الایمان کی فنی حیثیت میں تحریر فرماتے ہیں کہ اعلیٰ حضرت قدس سرہ العزیز وہ واحد شخصیت ہیں جنھوں نے کنز الایمان کے نام سے قرآن حکیم کاایسا ترجمہ کیا ہے جو لفظی ترجمہ نقائص سے بھی مبرا ہے اور بامحاورہ ترجمہ کی کمزوریوں سے بھی پاک۔ اس ترجمہ نے قرآنی عبارات کو اس انداز سے پیش کیا ہے کہ قاری اسے پڑھ کر حتی الوسع ہر لفظ کا معنی سمجھ سکتا ہے اور قرآن کی حقیقی مراد اور مفہوم تک بھی باآسانی رسائی پالیتا ہے۔ کنز الایمان نہ تو قدیم اسلوب کے اعتبار سے محض لفظی ترجمہ ہے اور نہ ہی جدید اسلوب کے لحاظ سے فقط بامحاورہ۔ کنز الایمان کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ اس نے لفظی ترجمے کے محاسن کے حوالے سے قرآن کے ہر ہر لفظ کا مفہوم اس طرح واضح کر دیا ہے کہ اسے پڑھ لینے کے بعد کسی لغت کی طرف رجوع کرنے کی حاجت نہیں رہتی اور بامحاورہ ترجمے کے محاسن کو بھی اس خوبی و کمال کے ساتھ اپنے اندر سمولیا ہے کہ عبارت میں کسی قسم کا بوجھ یا ثقل محسوس نہیں ہوتا۔
اس میں کوئی شک و شبہ نہیں ہے کہ اردو کے تمام تراجم قرآن مقدس سے ہزارہاں گنا افضل و اعلیٰ ہے کنز الایمان، جو امام احمد رضا خان فاضل بریلوی کی شاہکار تصانیف کی سرِ فہرست ہے۔ جس کو دنیا بھر میں اللہ تعالی نے ایسی مقبولیت عطافرمائی کہ جو اس سے قبل کسی اور تراجم قرآن پاک سے متعلق نہیں دیکھی گئی ہے۔ جدید ذرائع ابلاغ کے مطابق دنیا بھر میں تمام تراجم قرآن پاک کے بنسبت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی اور ہدیہ ہونے والی کتاب مانی جارہی ہے۔
تفاسیر: اعلیٰ حضرت علیہ الرحمہ کے اس ترجمہ کنز الایمان پر سب سے پہلے مولانا نعیم الدین مرادآبادی نے خزائن العرفان کے نام سے تفسیر لکھی جو بہت مقبول ہوئی۔ جہاں جہاں کنز الایمان ملے گا آپ کو یہ تفسیر بھی ساتھ میں با آسانی مل جائیگی۔ اس کے علاوہ بھی بہت ساری تفاسیر لکھی گئیں جو موجود ہیں۔